Psiphon نے ایک اور تھرڈ پارٹی سیکیورٹی جائزہ مکمل کیا
16/2/2018 - 3 منٹ کا مطالعہ
اپ ڈیٹ شدہ: 4/6/2021
جون 2017 کے آخر میں، Psiphon نے اوپن سورس ڈویلپمنٹ کے تئیں اپنے عزم کا ثبوت جاری رکھا (آپ ہمارے کوڈ کا ذخیرہ یہاں دیکھ سکتے ہیں)، جس کے تحت ہماری خدمات کا سیکیورٹی آڈٹ کرنے کے لیے Cure53 کی خدمات حاصل کی گئیں۔ اس سیکیورٹی جائزے کو مکمل ہونے میں 22 دن لگے اور کل 9 ٹیسٹرز شامل رہے جسے "وسیع دائرہ کار" کا حامل جائزہ قرار دیا گیا اور Cure53 کے ٹیسٹرز نے نہایت باریک بینی سے کام کیا۔ 3 سالوں میں اس نوعیت کا یہ ہمارا دوسرا سیکیورٹی آڈٹ ہے (آپ iSec کی جانب سے کیے گئے پہلے آڈٹ کے نتائج یہاں دیکھ سکتے ہیں)۔
رپورٹ میں دائرہ کار میں شامل اشیاء کی تفصیل کچھ یوں درج ہے:
“دائرہ کار میں Psiphon سافٹ ویئر کمپاؤنڈ کے متعدد اجزاء شامل تھے، جن میں ٹنل-کور کلائنٹ اور سرور، لائبریری گلو، Psiphon iOS ایپ اور سب سے بڑھ کر Psiphon iOS براؤزر شامل ہیں۔ اس انتہائی وسیع بنیاد اور دائرہ کار سے یہ وضاحت ہوتی ہے کہ مختلف شعبوں میں مناسب مہارت رکھنے والے ٹیسٹرز کی خاصی بڑی تعداد کو شامل کرنا کیوں ضروری تھا۔ مجموعی طور پر، ٹیسٹوں میں کوڈ آڈٹ، حقیقی پیینیٹریشن ٹیسٹ، پروٹوکول اور کنفیگریشن کے جائزے، اور ایک کرپٹوگرافک آڈٹ شامل تھا۔"
ہم سیکیورٹی آڈٹ کے نتائج سے بے حد خوش ہیں اور یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس کر رہے ہیں کہ “کوئی قابل ذکر سیکیورٹی خطرات سامنے نہیں آسکے” (صفحہ 19)۔ شفافیت کے پیشِ نظر آپ مکمل تفصیلی رپورٹ pdf کی شکل میں یہاں پڑھ سکتے ہیں۔ ملنے والی دو کمزوریوں میں سے ایک کو پہلے ہی ٹھیک کر دیا گیا ہے (اور Cure53 نے اس کی توثیق بھی کر دی ہے) اور دوسری کو آئندہ ریلیزز میں حل کرنے کے اقدامات کر لیے گئے ہیں۔
ٹیسٹرز نے 7 دیگر متفرق مسائل کا بھی ذکر کیا ہے جنہیں آپ رپورٹ میں درج دیکھ سکتے ہیں، ان میں سے چار کو بھی پہلے ہی حل کیا جا چکا ہے۔
“ٹیسٹرز اس بات پر متفق تھے کہ ماضی میں سافٹ ویئر سیکیورٹی کے متعدد آڈٹس سے اس سافٹ ویئر کمپاؤنڈ کو بے حد فائدہ پہنچا ہے۔ ظاہر ہے کہ نتائج میں بھی اس کی عکاسی ہوتی ہے۔ دریافت ہونے والے کل نو مسائل میں سے صرف دو کو سیکیورٹی کی کمزوریوں کے طور پر نشان زد کیا گیا تھا اور ان کو بھی سب سے نچلی “معلوماتی” سنگینی کی درجہ بندی دی گئی تھی۔”
Cure53 کے ٹیسٹرز نے پوری رپورٹ میں کئی بار اس بات کا ذکر کیا کہ کوڈ کس قدر صاف ستھرا اور معیاری ہے اور وہ اس نتیجے پر پہنچے:
“نقصاندہی اور سمجھوتہ کرنے کی کوشش میں کافی وقت اور افرادی وسائل صرف کرنے کے باوجود، دائرہ کار میں شامل Psiphon کے اجزاء مکمل جانچ پڑتال پر پورے اترے اور مخالفانہ کوششوں کے مقابلے میں خود کو مضبوط اور پائیدار ثابت کیا۔ حاصل کلام یہ ہے کہ سیکیورٹی کے کوئی بھی قابل ذکر خطرات سامنے نہیں آسکے۔”
ہمیں امید ہے کہ یہ رپورٹ آپ کے لیے دلچسپ ہوگی، اور یہ آپ کو ہمارے اس عزم کا یقین دلائے گی کہ ہم اعلیٰ درجے کا سافٹ ویئر فراہم کرتے رہیں گے جو ہمیشہ اوپن سورس اور محفوظ رہے گا۔